نئی دہلی9جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر داخلہ اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے دہلی میں ہریانہ، مہاراشٹر اور جھارکھنڈ کے کور گروپ کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ اس میٹنگ میں ہریانہ، مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیت شاہ کی اس میٹنگ کو آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے بنائی جانے والی اہم حکمت عملی کا آغاز مانا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور سینئر بی جے پی لیڈر انل بج بھی شامل ہوئے۔ واضح ہو کہ امت شاہ کو انتخابی حکمت عملی بنانے کے معاملے میں ’ماسٹر‘ کہا جاتا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں ان کی حکمت عملی کی وجہ سے ہی بی جے پی کو کامیابی ملی تھی اور ایک بار پھر مرکز میں مودی حکومت بنی تھی۔ اس کے علاوہ یوپی بی جے پی کے صدر ڈاکٹر مہیندرناتھ پانڈے کی جگہ پارٹی میں نئے صدر کو لے کر چرچا شروع ہو گیا ہے۔ نئے صدر کو تلاش کرنے کے لئے بی جے پی کو مطلوبہ معیار پر کھرا اترنے وا لا شخص ہی چاہئے۔ مانا جاتا ہے کہ اتر پردیش کی بڑی جیت میں مہیندر ناتھ پانڈے کا خاص تعاون رہا ہے۔ سال 2017 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی نے کیشو پرساد موریہ کو ریاستی صدر بنایا تھا اور بی جے پی کا یہ استعمال بہت کامیاب ہوا تھا۔ تاہم کیشو پرساد کے نائب وزیر اعلی بنتے ہی مودی حکومت میں وزیر مملکت رہے ڈاکٹر پانڈے کو بی جے پی کی کمان سونپی گئی تھی۔ 31 اگست 2017 کو صدر کے عہدے پر فائز ہوئے ڈاکٹر پانڈے کو برہمنی حکمت عملی کو مضبوط کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔